بھوپال،10فروری (آئی این ایس انڈیا)مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے اور شہریت ترمیم قانون (سی اے اے) کا ذکر کرتے ہوئے مودی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ بٹورنے کے لئے مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔کانگریس لیڈر نے سی اے اے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔دگ وجے نے اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ساتھ ٹویٹ کرتے ہوئے لکھاکہ مودی بھکتو تمہارا ہندوتو صرف ہندوؤں کو مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف نفرت پھیلا کر ووٹ بٹورنے کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلوامہ میں ہوئے شہیدوں کے خاندانوں کو ایک سال ہو جانے کے بعد بھی ابھی تک کوئی مدد نہیں ملی،ذرا سوچو۔ دگ وجے نے ایک اور ٹویٹ میں سی اے اے کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھاکہ سی اے اے کی مخالفت تمام مذاہب کے مذہبی لیڈر کررہے ہیں۔ مودی۔ شاہ جی کو سی اے اے قانون فورا واپس لینا چاہئے۔ دگ وجے نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھاکہ پلوامہ کا ایک سال، شہید کی بیوی لگا رہی فریاد، اب تو سن لے حکومت۔مودی۔ شاہ کا کام ہو گیا قوم پرستی کے نام سے الیکشن جیت لیا،اب شہیدوں کی یاد کیوں آئے گی؟ 2024 میں ایک بار پھر نظر آئے گا۔مودی۔ شاہ جی اور یوگی جی شرم کرو اور شہیدوں کے خاندانوں کی مکمل مدد کرو۔
دگ وجے سنگھ اکثر پی ایم مودی اور بی جے پی کو نشانے پر لیتے رہتے ہیں،وہ مودی حامیوں کے لئے بھکت لفظ استعمال کرتے ہیں۔اس سے پہلے دگ وجے نے اپنے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا تھاکہ بدقسمتی سے ہمارے پاس ایک ایسا لیڈر ہے جس نے کل سیاسیات (انٹائرپولیٹیکل سائنس) سے گریجویٹ یا ماسٹرز کیا ہے،میں اب بھی ایسی یونیورسٹی تلاش کر رہا ہوں جو اس طرح کا کورس آفر کرتی ہے،اگر کوئی بھی بھکت ایسی یونیورسٹی تلاش کرنے میں میری مدد کرتا ہے تو میں بہت شکر گزار رہوں گا۔